بھارت میں عام انتخابات کے آخری مرحلے میں ہیٹ ویو کی وجہ سے انتخابی عملے سمیت 33 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں اترپردیش، بہار اور اڑیسا سمیت مختلف ریاستیں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، شدید گرمی کے باعث مختلف ریاستوں سے انتخابی عملے سمیت دیگر افراد کے اموات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے کہا ہے کہ انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے دوران 33 اہلکار گرمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے، لواحقین کو 18 ہزار ڈالر کا مالی معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
نودیپ رنوا کا کہنا تھا کہ پولنگ کے آخری روز ووٹ ڈالنے کے لیے قطار میں کھڑا ایک شخص بے ہوش ہوگیا تھا، جب اسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے لے جایا گیا تو ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیدیا۔
واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات کے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد ٹی وی ایگزٹ پول میں حکمران جماعت کی جیت کی پیش گوئی کردی گئی ہے، جس کے ساتھ ہی نریندر مودی کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا امکان ہے۔




















