پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم اداروں اور تنظیموں کو خراج تحسین پیش کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماحولیات کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل اداروں، تنظیموں اور افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے، ماحولیات کا تحفظ اور موسمی تبدیلیوں سے نمٹنا بڑے چیلنجز ہیں جب کہ پاکستان ان ممالک میں سرفہرست ہے جو دنیا میں ماحولیاتی عدم توازن کی وجہ سے پیدا صورت حال کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور وزیرِ خارجہ عالمی برادری کے آگے پاکستان کا ماحولیاتی مقدمہ پیش کیا اور دنیا کو بتایا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی عدم انصاف کا دوہرا شکار ہے۔ سیلاب، خشک سالی اور سخت موسم کی شکل میں پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے۔
بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ پاکستان کو ماحولیاتی انصاف ملنا چاہیے، دنیا اپنے وعدے پورے کرے۔ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کی تیزی سے فعالیت و وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے جب کہ موسمی اثرات سے نمٹنے اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے اقدامات پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2022 میں آنے والے قیامت خیز سیلاب کے متاثرین کے لیے گھر تعمیر کرنے اور ان کے معاش کے لیے پرعزم ہے۔ حکومتِ سندھ کی جانب سے 20 لاکھ سیلاب متاثرین کے لیے موسمیاتی اثرات سے محفوظ گھروں کی تعمیر دنیا کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ یقین محکم ہے کہ ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی ترقی، ترقی نہیں۔ ماحولیات کا تحفظ ہر ملک، ہر جماعت، ہر ادارے اور ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ آئیے، اس کرہِ ارض کو بچانے کے لیے ہاتھ ملائیں جو ہم سب کا اور ہماری آنے والی نسلوں کا واحد گھر ہے۔
