سعودی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال حج کے دوران شدید گرمی پڑ سکتی ہے جس کے باعث ہیٹ اسٹروک کے واقعات بھی سامنے آسکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام نے کہا ہے کہ حج کے دوران مکہ اور مدینہ میں اوسط درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش گوئی کے مطابق حج کے دوران درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 18 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی، اس دوران درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی وجہ سے 2 ہزار سے زائد افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔
واضح رہے کہ سعودی حکام حج کے دوران گرمی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عازمین کو ایئرکنڈیشن ٹینٹ اور مسٹنگ سسٹم فراہم کرنے سمیت دیگر ضروری اقدامات کرتے ہیں۔




















