Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ: امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور امریکا کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ہوگیا جس کے بعد امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

سپر اوور میں پاکستان کو 19 رنز کا ہدف ملا تاہم پاکستانی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 13 رنز بناسکی۔

امریکا کے شہر ڈیلاس میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 11ویں میچ کے سپر اوور میں امریکا کی جانب سے ایرون جونز اور ہرمیت سنگھ بیٹنگ کے لیے آئے، جب کہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے سپر اوور کروایا جس میں انہوں نے 19 رنز دیے۔

پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور افتخار احمد بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔ افتخار احمد ایک چوکا مارنے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے جس کے جواب میں امریکی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

امریکا کو آخری 3 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے جب ایرون جونز نے حارث رؤف کو چھکا مارا اور اگلی گیند پر سنگل بن گیا جس کے بعد آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارکر میچ برابر کردیا۔

امریکا اننگز: 

امریکا کی جانب سے اسٹیون ٹیلر اور کپتان مونانک پٹیل نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیلر 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، وہ 50 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اینڈریز گوس نے 35 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جب کہ ایرون جونز نے 36 رنز بنائے اور وہ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے، نتیش کمار 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب محمد عامر، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اننگز: 

امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم رضوان صرف 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، محمد عثمان 3 اور فخرزمان 11 رنز بناسکے۔

بابراعظم اور شاداب خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا، شاداب 40 اور بابراعظم 44 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اعظم خان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد 18 رنز بناسکے، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

امریکا کی جانب سے نوتوش کینجی نے 3، سوراب نیٹراوالکر نے 2 ، علی خان نے ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ 2024 میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے، جب کہ امریکا نے اپنے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version