Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی صدر کی مودی کو حکومت بنانے کی دعوت، کل حلف اٹھائیں گے

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ نریندر مودی کو نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے وزیراعظم نامزد کیے جانے کے بعد بھارتی صدر دروپتی مرمو نے حکومت بنانے کی دعوت دے دی، مودی کل شام کو تیسری بار وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھارتی صدر دروپدی مرمو نے لوک سبھا کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے سیاسی جماعتوں کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما نریندر مودی کو حکومت سازی کی دعوت دی۔

بھارتی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج صبح این ڈی اے کے اتحادیوں نے مجھے اپنا پارلیمانی لیڈر چن لیا، جس کے بعد میں نے صدر کو آگاہ کیا اور انہوں نے ملاقات کے دوران مجھے حکومت بنانے کی دعوت دے دی۔

نریندر مودی نے بتایا کہ ان کی حلف برداری کی تقریب 9 جون اتوار کی شام منعقد کی جائے گی۔

یاد رہے کہ نریندر مودی جواہر لال نہرو کے بعد تیسری بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہوں گے۔

اس سے قبل نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے اجلاس کے دوران نریندر مودی نے پارلیمانی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا، مودی نے خاص طور پر کانگریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’آپ کسی سے بھی پوچھ لے کہ انتخابات سے پہلے بھارت میں کس کی حکومت تھی‘‘؟

مودی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہر جگہ سے یہی جواب ملے گا کہ لوک سبھا کے انتخابات سے پہلے این ڈی اے کی حکومت تھی، اور اب بھی این ڈی اے ہی حکومت بنانے جارہی ہے تو اپوزیشن کیسے کہہ رہی ہے کہ ہمیں شکست ہوگئی؟

واضح رہے کہ بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 543 کے ایوان میں سے 293 نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی ہے، بی جے پی کو 240 نشستیں ملیں۔

متعلقہ خبریں