اسرائیلی فوج نے نصیرات سے ایک خاتون سمیت 4 یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ نصیرات سے 4 اسیروں کو بازیاب کرایا گیا ہے جب کہ دن کے وقت پیچیدہ آپریشن کے دوران ان یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ بازیاب ہونے والوں میں ایک خاتون اور تین مرد شامل ہیں جب کہ یازیاب یرغمالیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ان یرغمالیوں کو 7 اکتوبر کو نووا میں ہونے والے فیسٹیول سے حماس نے اغوا کیا تھا جب کہ ان کی حالت اب بہتر بتائی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوجی حکام کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ پر یرغمالی کی اپنے والد کے ساتھ دوبارہ ملنے کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔
اسرائیل فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینئل ہگاری کہتے ہیں کہ یہ آپریشن شہر کے درمیان دو مختلف عمارتوں میں کیا گیا تھا جب کہ ہماری فورسز نے عمارتوں میں لگی آگ کے بیچ جاکر انہیں ریسکیو آپریشن سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران ایک اسرائیلی فوجی بھی شدید زخمی ہوگیا ہے جب کہ ہم نے حماس کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ہم تمام یرغمالیوں کو واپس گھر لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر ہونے والے حملے میں 251 شہریوں کو یرغمال بنایا گیا تھا جن میں سے اب بھی 116 افراد فلسطین میں موجود ہیں جب کہ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان یرغمالیوں میں سے 41 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔




















