Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے، روہت شرما

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے، انہوں نے اپنی غلطیوں پر بھرپور کام کیا ہوگا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان کو شکست دینے کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی کیوں کہ میچ والے دن جو بھی اچھا کھیلے گا، نتیجہ اسی کے حق میں ہوگا۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھتے ، پاکستان نے 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زمبابوے سے ہارنے کے بعد ایونٹ کا فائنل کھیلا تھا۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ایک اوور پورا گیم تبدیل کردیتا ہے، کامیابی کے لیے ہمیں پورے میچ کے بجائے ہر اوور اور ہر گیند پر فوکس کرنا ہوگا۔

ویرات کوہلی سے متعلق بات انہوں نے کہا کہ ویرات بڑے میچ کا کھلاڑی ہے لیکن ہم کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کرتے، کامیابی کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 19ویں میچ میں نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔

متعلقہ خبریں