پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف بہترین کھیل پیش کریں گے اور ایونٹ میں کم بیک کریں گے۔
گزشتہ روز نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا کہ میچ سے پہلے کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتا، لیکن کل ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے، اور امید ہے بھارت کے خلاف میچ جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں ماضی پر انحصار نہیں کرتا، بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ ایک بڑا میچ ہے اور پلیئرز کو اس کا اندازہ ہے، پچھلی شکست کو بھلا کر اس میچ میں فوکس کرنا ہوگا۔
گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ ہمیں کنڈیشنز کے مطابق کھیل پیش کرنا ہے، اس گیم کے لیے کسی کو جوش دلانے کی ضرورت نہیں، جو دو روز قبل ہوا اس کو بھلا چکے، اب نیا میچ ہے، ہمیں بطور ٹیم اچھا کھیلنے کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ یہاں کسی ٹیم کے دو چار میچز زیادہ کھیلنے سےکسی کو فائدہ نہیں ملتا، ہماری طاقت فاسٹ بولنگ ہی ہے، پاکستان اور بھارت دونوں کے پاس اچھے بولرز ہیں، نیویارک کی وکٹ پر بیٹرز کو کافی بہادری سے کھیلنا ہوگا۔
