ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد 28 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے ایران کی شوریٰ نگہبان نے 6 صدارتی امیداروں کے ناموں کی منظوری دیدی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں صدارتی انتخابات 28 جون کو ہوں گے جس کے لیے شوریٰ نگہبان نے 6 صدارتی امیدواروں کے ناموں کی منظوری دی۔
ان امیدواران میں سابق اسپیکر محمد باقرقلیباف، سابق جوہری مذاکرات کار سعید جلیلی، تہران کے سابق میئر علی رضا ذکانی، قانون ساز مسعود بزشكيان، سابق وزیر داخلہ مصطفىٰ پورمحمدی، قدامت پسند سیاستدان أمير حسين قاضی زاده ہاشمی شامل ہیں۔
صدارتی امیدواروں کے ناموں کو فائنل کرنے والے اعلیٰ ترین فورم شوریٰ نگہبان نے سابق صدر احمدی نژاد کے کاغذات مسترد کر دیے ہیں۔
ایران کی سرکاری میڈیا پر الیکشن کمیشن کے ترجمان کی جانب سے اس فہرست کا اعلان کیا گیا، اور ان 6 امیداروں کو ایرانی شوریٰ نگہبان کی جانب سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کے بعد صدارتی انتخابات قبل ازوقت منعقد ہورہے ہیں، حادثے میں وزیر خارجہ امیر حسین اور دیگر 6 ایرانی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے تھے۔




















