سعودی عرب نے رواں سال حج کے دوران عازمین کے لیے پہلی بار خودکار فضائی ٹیکسی سروس کی سہولت کا افتتاح کیا ہے۔
خودکار فضائی ٹیکسی عازمین کو مقدس مقامات پر سفر کی سہولت مہیا کرنے کے علاوہ سامان کی فوری ترسیل اور طبی ہنگامی سہولیات بھی فراہم کرے گی۔
مکہ مکرمہ میں میدان عرفات میں سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینئرصالح بن ناصر الجاسر نے افتتاح کے موقع پر بتایا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی ایسی فلائنگ ٹیکسی سروس ہے جو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی لائسنس یافتہ ہے ۔
اس فضائی ٹیکسی کا مقصد خاص طور پر ہنگامی صورتحال میں طبی و دیگر سامان کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرنا، انتہائی رش والے علاقوں میں مسافروں کی محدود وقت میں نقل و حمل کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔
فضائی ٹیکسی سروس رواں سال حج کے دوران عازمین کی خدمت کے لیے استعمال کی جانے والی 32 جدید ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔
