Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غزہ میں غذائی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں غذائی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک نے غزہ میں جاری تنازعے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ علاقے کے جنوبی حصے میں جلد ہی بھوک کی تباہ کن سطح پیدا ہو سکتی ہے۔

غزہ میں اسرائیلی افواج اور حماس کے درمیان جاری شدید لڑائی کے باعث انسانی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے، جب کہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر مذاکرات سست روی کا شکار ہیں۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ کے ایک مقامی ادارے نے ہفتے کے روز طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ شمالی غزہ میں گھروں پر حملے میں 19 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

غزہ کے محکمۂ صحت کے حکام نے جمعے کے روز بتایا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے اب تک 37 ہزار 266 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

ورلڈ فوڈ پروگرام کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارل سکاؤ نے غزہ میں اپنے مشن کے اختتام پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں موجود لوگوں نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں صفائی ستھرائی، بنیادی صحت کی دیکھ بھال اور کسی حد تک وقار کی ضرورت ہے اور جس کسی سے بھی انہوں نے بات کی وہ جنگ بندی چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوب میں رفح سمیت غزہ کے کچھ حصوں میں شدت پکڑتی ہوئی لڑائی کی وجہ سے انسانی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کے لیے انتہائی ضروری غذائی امداد کی فراہمی تقریباً ناممکن ہو گئی ہے۔ انہوں نے جنوبی غزہ میں شدید بھوک کے خدشے کا بھی ذکر کیا۔

متعلقہ خبریں