Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹی پی خوارج کا ایک اور اہم سرغنہ افغانستان کے علاقے کنڑ میں جہنم واصل

ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دہشت گرد گروپوں میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرچکے ہیں۔

افغانستان میں ٹی ٹی پی کی آپس کی لڑائی اور انتشار سے آئے روز ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈرز پراسرار طور پر مارے جا رہے ہیں۔

ٹی ٹی پی خوارج کے حلقوں میں اس وقت کھلبلی مچ گئی جب افغانستان کے ضلع اسد آباد، کنڑ میں ٹی ٹی پی شوریٰ مالاکنڈ کے رکن، عبدالمنان عرف حکیم اللہ کو جہنم واصل کردیا گیا۔

افغانستان میں ٹی ٹی پی کے اہم دہشت گرد سرغنہ کی ہلاکت ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی کا واضح ثبوت ہے۔

دہشتگرد عبدالمنان باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ، بارودی سرنگ کے دھماکوں، چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور بھتہ خوری سمیت متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

دہشت گرد عبدالمنان ٹی ٹی پی لیڈر عظمت اللہ محسود (عظمت لالہ)، ولی مالاکنڈ کا دست راست تھا۔ عبدالمنان باجوڑ میں دہشت گردی کی کارروائیاں تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔

عبدالمنان نے 2007 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی اور سیکیورٹی فورسز سمیت معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا۔

سن 2014 میں دہشت گرد عبدالمنان کو افغان حکومت نے صوبہ ننگر ہار سے گرفتار کیا لیکن 2021 میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد دہشت گرد عبدالمنان کو باقی دہشت گردوں کے ساتھ رہا کردیا گیا۔

دہشت گرد عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی ٹی ٹی پی سے ہے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

ٹی ٹی پی کے اہم سرغنہ عبدالمنان کی ہلاکت ٹی ٹی پی کے لئے بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہے۔

عبدالمنان عرف حکیم اللہ کے افغانستان میں مارے جانے سے ایک دفعہ پھر یہ واضح ہو گیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے جب کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کے خوارجیوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کررہے ہیں۔

افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی، جماعت الاحرار اور بلوچ دہشت گرد تنظیمیں سرفہرست ہیں۔

پاکستان پر حملہ آور افغان دہشت گردوں کی آماج گاہیں افغانستان کے علاقے کنڑ، نورستان، پکتیکا، خوست و دیگر علاقوں میں موجود ہیں۔

متعدد بار دہشت گردی کے بے شمار واقعات میں افغانستان کی سرزمین کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں نے پاکستان میں خون کی ہولی کھیلی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version