اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ رواں ہفتہ پاکستان کی سفارت کاری کے لیے اہم تھا، غزہ کے حوالے سے وزیرخارجہ نے ڈی ایٹ میں شرکت کی۔
ترجمان نے کہا کہ کانفرنس میں وزرائے خارجہ نےغزہ میں جنگ بندی پر اتفاق کیا جب کہ اسحاق ڈار نے کانفرنس کے دوران دیگر ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیرخارجہ سے ملاقات کی، وزرائے خارجہ نے انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کی۔
ممتاز زہرا بلوچ کہتی ہیں کہ ڈپٹی وزیراعظم نےغزہ میں ان کنڈیشنل سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے اور غزہ سے اسرائیلی فورسز کو فوری واپس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ فلسطین پر یو این کی انکوائری رپورٹ سامنے آئی ہے، رپورٹ میں فلسطینیوں کے قتل کے حوالے سے حیران کن انکشافات ہیں تاہم اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔
