چین میں ایک جاپانی خاندان کو چاقو بردار حملہ آور سے بچانے کی کوشش میں اپنی جان دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہو یوپنگ نامی چینی خاتون سوژو شہر میں اسکول بس اٹینڈنٹ کے طور پر کام کرتی تھی جب ایک شخص نے ایک جاپانی اسکول کے باہر بس اسٹاپ پر ایک جاپانی خاتون اور اس کے بچے پر حملہ کر دیا۔
چینی خاتون نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی اس دوران انہیں شدید چوٹیں آئیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔
چینی سوشل میڈیا پر خاتون کی اس قربانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے اور مقامی حکومت نے کہا ہے کہ انہیں “راستباز اور بہادر رول ماڈل” کا خطاب دیا جائے گا۔
چین میں جاپانی سفارت خانے نے بھی ہو کے اعزاز میں اپنا پرچم سر نگوں کر دیا۔ ویبو پر ایک بیان میں سفارت خانے نے کہا کہ ان کی موت کی خبر سن کر ‘افسوس’ ہوا۔
حملے میں جاپانی ماں اور بیٹا زخمی ہوئے تھے لیکن ان کے زخم جان لیوا نہیں تھے۔ 52 سالہ چینی شہری کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا۔
اس ماہ کے اوائل میں چین کے شمال مشرقی علاقے جیلن کے ایک پارک میں امریکی یونیورسٹی کے چار انسٹرکٹرز پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔




















