مون سون کی پہلی بارش نے ہی مودی سرکار کی نام نہاد ترقی کا پردہ چاک کر دیا، اربوں روپے کی لاگت سے بننے والا نئی دہلی ائیرپورٹ کا ٹرمینل مودی جی کی انتخابی مہم کی بھینٹ چڑھ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق مودی سرکار نے بھارت کے انفراسٹرکچر میں ہیرا پھیری کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جس کا پول موسم برسات کی پہلی بارش نے کھول دیا۔ بارشوں سے دہلی ائیرپورٹ کا ناقص انفراسٹرکچر بے نقاب ہوگیا۔
بارشوں کے باعث دہلی ائیرپورٹ کے ٹرمینل 1 کی چھت گر گئی جس کے باعث ایک شخص ہلاک جبکہ چھ شدید زخمی ہو گئے۔حادثے میں جانی نقصان کے علاوہ ایئرپورٹ کے احاطے میں کھڑی ٹیکسیوں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دہلی ایئرپورٹ کی چھت گرنے کے بعد ٹرمینل ون سے تمام فلائٹس معطل کر دی گئیں جس سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب حادثے کے بعد دہلی ایئرپورٹ شدید گندگی کا شکار ہے جبکہ صفائی اور نکاسی آب کا بھی کوئی مناسب انتظام موجود نہیں۔ مسافروں نے بتایا کہ وہ کئی گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں اور حکومت کو ان کی کوئی پرواہ نہیں۔
انتظامیہ نے اس سے قبل حکومت کو خبردار کیا تھا کہ حالیہ بارشوں سے بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو خطرہ ہے ۔
بھارت کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مشکلات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے اقتدار کے نشے میں دھت مودی جی تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعد حسب سابق غیر ملکی دوروں میں مصروف ہیں ۔
