سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسعود خان کو فوری طور پر وطن واپس آنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کے احکامات پر سفیر مسعود خان یکم جولائی کو اپنے عہدے کا چارج ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے حوالے کر دیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سفیر مسعود خان کی کارکردگی سے انتہائی ناخوش ہیں، واشنگٹن میں پاکستان کے نئے سفیر رضوان سعید شیخ کی تعیناتی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد سفیر رضوان سعید شیخ کی تعیناتی کے لئے دستاویزات واشنگٹن روانہ کی جاچکی ہیں، امریکی محکمہ خارجہ سفارتی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد ایگریما جاری کرے گا۔
پاکستان نے امریکا کو رضوان سعید شیخ کی تعیناتی کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے، امریکی حکومت کی منظوری ملتے ہی رضوان سعید شیخ واشنگٹن میں سفیر پاکستان کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں مسعود خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی ہوئی، تقریب میں اعلی امریکی عہدیداروں نے شرکت کی۔
