لاہور: شہری نے سستی بجلی کی فراہمی کے لئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
لاہور ہائی کورٹ میں سستی بجلی کی فراہمی کے لیے درخواست مقامی شہری شیخ لطیف شاہد نے احمد عبداللہ ڈوگر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی ہے جب کہ درخواست میں وفاقی سیکرٹری توانائی اور چیئرمین نیپرا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دن بدن بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے غریب آدمی کا جینا محال ہوچکا ہے، بجلی کے بھاری بل ادا نہ ہونے پر مساجد کو تالے لگ گئے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بجلی بلوں میں ایک یونٹ کے فرق پر ہزاروں روپے اضافہ غیر قانونی ہے جب کہ بجلی بلوں میں بھاری اضافے سے عوام گھر کا سامان بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
درخواست کے مطابق حکومت نے غیر قانونی طور پر بجلی بلوں میں فکس ٹیکس نافذ کیا، مہنگائی کی وجہ سے عوام شدید پریشان اور مشکلات کا شکار ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں بجلی کے مختلف ٹیکسوں کی وصولی غیر قانونی قرار دے چکی ہیں جب کہ درخواست میں عدالت بجلی بلوں میں اضافی چارجز کی وصولی کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
