انگلینڈ کے عظیم کھلاڑی اور کمنٹیٹر سر جیفری بائکاٹ کو دوسری مرتبہ گلے کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ اس بیماری کے علاج کے لیے دو ہفتوں میں سرجری سے گزریں گے۔
معروف انگلش اخبار نے ایک بیان میں 83 سالہ جیفری بائیکاٹ کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں میرا ایم آر آئی اسکین، سی ٹی اسکین، ایک پی ای ٹی اسکین اور دو بایوپسی ہوئی ہیں اور اب اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مجھے گلے کا کینسر ہے اور آپریشن کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربے سے مجھے احساس ہوا ہے کہ دوسری بار کینسر پر قابو پانے کے لیے مجھے بہترین طبی علاج اور قسمت کی ضرورت ہوگی اور اگر آپریشن کامیاب بھی ہوجاتا ہے تو کینسر کا ہر مریض جانتا ہے کہ اسے اس کی واپسی کے امکانات کے ساتھ جینا ہوگا۔ لہذا میں صرف اس کے ساتھ آگے بڑھوں گا اور بہترین کی امید کروں گا۔
انگلینڈ کے سابق اوپنر کو پہلی بار 2002 میں 62 سال کی عمر میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
108 ٹیسٹ میچوں میں 8114 رنز بنانے والے انگلینڈ کے سابق اوپنر کو پہلی بار 2002 میں 62 سال کی عمر میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
بائیکاٹ نے اپنی بیوی اور بیٹی کی مدد سے کیموتھراپی کے 35 سیشنز سے گزرنے کے بعد واپسی کے لیے جدوجہد کی۔
151 فرسٹ کلاس سنچریاں بنانے والے بائیکاٹ نے 1982 میں ریٹائرمنٹ لی تھی اور بی بی سی کے لیے کمنٹیٹر کی حیثیت سے ایک کامیاب میڈیا کیریئر سے لطف اندوز ہوئے تھے۔ آخر کار انہوں نے 2020 میں کمنٹری سے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔
