برطانیہ کے ممکنہ نئے وزیر اعظم کیئر اسٹامر کا کہنا ہے کہ عوام نے ایک تبدیل شدہ لیبر پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے متوقع وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سب کاشکریہ جنہوں نےہمیں ووٹ دیااورانتخابی مہم چلائی۔
کئیر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں تبدیلی کا وقت آچکا ہے، ہمیں سیاست کو خدمت میں بدلنا ہے، سخت محنت کرکے ملک کوبحرانوں سے نکالیں گے، عوام نے تبدیلی کوووٹ دیا، عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
شمالی لندن کی ہولبارن اینڈ سینٹ پینکراس کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سر کئیر اسٹارمر نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حلقہ میرا گھر ہے میرے بچے اسی جگہ پر بڑے ہوئے، میری اہلیہ بھی یہیں پیدا ہوئیں میرے لیے یہ کامیابی بہت بڑا اعزاز ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ راج ختم ہوگیا ہے، لیبر پارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی سمیٹ لی ہے۔
برطانیہ میں قبل ازوقت ہونے والے عام انتخابات میں لیبر پارٹی نے فتح حاصل کرلی ہے جس کے بعد سر کئیر اسٹارمر نئے وزیراعظم بنیں گے۔
برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس میں لیبر پارٹی نے اب تک 338 نشستیں حاصل کرلی ہیں۔
حکومت سازی کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشستوں میں سے 326 نشستیں درکار ہوتی ہیں اور لیبر پارٹی 338 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔




















