سعودی عرب نے تاریخ میں پہلی بار غیرملکیوں کو سعودی شہریت دینے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اہل اور قابل افراد کو سعودی شہریت دینے کا اعلان کردیا۔
سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے متعدد شعبوں میں اہل اور قابل افراد کو سعودی شہریت دینے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق یہ اعلان جمعرات کو کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کو منفرد صلاحیتوں کے حامل دنیا بھر سے باصلاحیت افراد کی تلاش ہے۔
سعودی فرماں روا کے جاری شاہی فرمان میں سائنسدانوں، طبی ماہرین، محققین، انوویٹرز ،کاروباری افراد اور منفرد صلاحیت و مہارت کے حامل ممتاز ہنر مندوں کو سعودی شہریت دینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
شاہی فرمان کا مقصد وژن 2030 کے مطابق پرکشش ماحول کو بڑھانا، غیر معمولی تخلیقی ذہنوں کو متوجہ کرنا ، سرمایہ کاری اور ترقی میں حصہ ڈالنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی مملکت کو ان شعبوں میں منفرد صلاحیتوں اور مہارت کے حامل افراد کی تلاش ہے جو وژن 2030ء کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔




















