اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ تاجکستان اور قازقستان کامیاب رہا ہے۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی، وزیراعظم کے دورے کے دوران کراچی پورٹ کے حوالے سے بات ہوئی جب کہ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع ہیں،وزیراعظم کے دورے کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے جب کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے پُرعزم ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر وزیراعظم نے دوٹوک مؤقف اپنایا، وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پر ہر پاکستانی کے دل کی ترجمانی کی۔ وزیراعظم نے کہا اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا 20 لاکھ فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہیں، اسرائیل کو جوابدہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے پُرامن اور مستحکم افغانستان کی بات کی، اسلامو فوبیا اور دہشت گردی پر بھی بات کی۔
وزیراطلاعات مزید کہتے ہیں کہ روس اور پاکستان کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا، روسی وفود کے آنے سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی۔
ایف بی آر اصلاحات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات سے متعلق فیصلے کیے ہیں، جو لوگ ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لائیں گے اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کا ساتھ دینے والے اہلکاروں کو سزا دی جائے گی۔
عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ 3 لاکھ نئے افراد ٹیکس نیٹ میں آئے ہیں، کرپشن کے چارجز پر افسران کو او ایس ڈی بنایا گیا، ایف بی آرکی ڈیجیٹائزیشن میں ایک روپیہ خرچ نہیں ہونے دیا۔
اے پی سی پر ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی بلانے کے لیے اتحادیوں سے مشاورت جاری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں بلایا جائے گا جب کہ بانی پی ٹی آئی کا اے پی سی میں شرکت سے متعلق بیان سامنے آیا ہے، اللہ کرے بانی پی ٹی آئی اپنے بیان پر قائم رہیں۔
