Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسرائیل کی غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری سے 16 فلسطینی شہید 

اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرت کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پربمباری کرتے ہوئے 16 فلسطینیوں کو شہید اور 75 کو زخمی کردیا، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے نصیرت کیمپ میں اسرائیلی طیاروں نے اقوام متحدہ کے اسکول پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی شہید اور 75 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے وفد کو مذاکرات جاری رکھنے کے لیے جلد دوحہ بھیجیں گے تاہم جنگ بندی اور قیدی کی رہائی کے معاملے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان اب بھی اختلافات برقرار ہے۔

حماس کے ایک رہنما نے دعویٰ کیا ہے وہ اپنے اس مطالبے سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہیں کہ امریکا کی جانب سے تجویز کردہ جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے اسرائیل مستقل جنگ بندی کا عہد کرے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں 1195 اسرائیلی شہید ہوگئے تھے جس کے جواب میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 38 ہزار 98 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

متعلقہ خبریں