Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد: ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.11 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مہنگائی کی مجموعی شرح 23.33 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 53 روپے تک اضافہ ہوا، خشک دودھ 390 گرام کی قیمت میں 56 روپے تک اضافہ ہوا جب کہ دال چنا فی کلو 11 روپے تک مہنگی ہوئی۔

تازہ دودھ کی فی کلو قیمت 2 روپے سے زائد بڑھ گئی، دال مونگ اور دال مسور کی فی کلو قیمت میں 4 روپے تک اضافہ ہوا۔

دہی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 10 پیسے کا اضافہ ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا جب کہ دال ماش فی کلو تین روپے تک اور لہسن ایک روپے تک مہنگا ہوا۔

جلانے کی لکڑی، چاول، ایل پی جی گھریلو سلنڈر اور گوشت مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں جب کہ ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 40 روپے تک کمی ہوئی۔ کیلے فی درجن 4 روپے اور آٹا 20 کلو تھیلا 36 روپے تک سستا ہوا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version