پاکستان کے نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اورسلطنت عمان کے وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسیدی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، مسقط میں وادی کبیرمیں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے پر تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کارروائی کی اہمیت پر زوردیا۔ نائب وزیر اعظم نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے عمان کی کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
تر جمان کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے لاشوں کی پاکستان واپسی اور عمان کے ہسپتالوں میں زخمی پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال میں عمان کے تعاون کو بھی سراہا، دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کرعوام کے تبادلے تک دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے رواں ہفتے کے آخر میں عمانی سرمایہ کاروں کے ایک وفد کے پاکستان آنے کا خیرمقدم کیا، دونوں رہنماؤں نے قیادت اور وزارت خارجہ کی سطح پر دوروں کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
