Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی پی پیز معاہدہ؛ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بڑا سوال اٹھادیا

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہر سال پاکستانی معیشت ڈوب رہی ہے لیکن آئی پی پیز سے معاہدے برقرار ہیں اور انہیں بغیر کسی رکاوٹ  کے باقاعدگی سے ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی بار کے تحت وکلاء سے خطاب میں کہا کہ کراچی بار کے ساتھ آئین و قانون کی بالادستی کی تحریک چلائی ہیں، کراچی کے وکلاء نے وکلاء تحریک میں اپنی جانیں پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت بھی آئین کی بالادستی کا مسئلہ درپیش ہے، فارم 45 پر کوئی جیت رہا ہوتا ہے تو فارم 47 کے ذریعے کسی اور کو مسلط کردیا جاتا ہے، اسٹیبلشمنٹ کی گود میں پلنے والے وسائل لوٹ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے مسئلہ پر اب تاجر برادری بھی آواز اٹھا رہی ہے، قوم وہ پیسے بھی ادا کررہی ہے جو بجلی بنی ہی نہیں ہوتی، حکومتیں آتی اور جاتی رہیں لیکن کوئی بات کرنے کو تیار نہیں جب کہ لوڈ شیڈنگ کی بنیاد پر آئی پی پیز کو لایا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کہتے ہیں کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے پانی، ہوا اور کوئلے کا استعمال کیا جاسکتا تھا جب کہ آئی پی پیز اربوں روپے لوٹ کر کھاگئے، ایسا معاہدہ دنیا میں کہیں نہیں دیکھا جہاں معاہدہ ختم کرنے کا اختیار ہی نہیں ہو۔

حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ چند لوگوں کو نوازنے کے لئے معاہدے کئے گئے، تمام معاہدے از سرنو کئے جائیں، اب قوم 28 سو ارب روپے مزید ادا نہیں کرے گی۔ بجلی کے بل نہیں بجلی کے بم ہیں لہذا بجلی کے ٹیرف میں کمی کرنا ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہر سال پاکستانی معیشت ڈوب رہی ہے لیکن آئی پی پیز سے معاہدے برقرار ہیں اور انہیں بغیر کسی رکاوٹ  کے باقاعدگی سے ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈوبتی معیشت کے باوجود یہ کیسے ممکن ہے کہ آئی پی پیز  سے عوام مخالف معاہدے برقرار رکھے جائیں، اشرافیہ کے لوگ اس معاہدے سے جڑے ہیں جو معاہدے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version