اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے جماعت اسلامی کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیے ٹیم تشکیل دینے کو تیار ہیں، حکومت حافظ نعیم کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ لیاقت باغ میں احتجاج پراتفاق کے بعد اسلام آباد کے مارچ کا جواز نہیں، حکومت اس وقت معاشی بحالی کے ایجنڈے پرعمل پیرا ہے۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے کارکنان کی گرفتاریوں اور رکاوٹوں کے پیش نظر تین مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی کے مطابق پہلا دھرنا مری روڈ راولپنڈی، دوسرا زیرو پوائنٹ اسلام آباد اور تیسرا دھرنا 26 نمبر چونگی پر دیا جائے گا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے کارکنان ایچ ایٹ انٹرچینج پر جمع ہونا شروع ہوگئے جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی ایچ ایٹ انٹر چینج ایکسپریس وے پر موجود ہے۔
کارکنان کی جانب سے حکومت مخالف نعرے لگائے جارہے ہیں، درجنوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے ایکسپریس ہائی وے پر موجود ہیں۔
پولیس نے کارکنان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی جب کہ پولیس نے ڈی چوک سے جماعت اسلامی کے 20 کارکنان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
