Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں، 5 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 3 مختلف کارروائیاں کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں جوائنٹ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس دوران خارجی دہشت گرد قاری فتنہ سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مہمند میں ہونے والی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا جب کہ اسلحے کا ذخیرہ اور گولا بارود برآمد ہوا، شدید فائرنگ کے نتیجے میں خیبرپختونخوا پولیس کے کانسٹیبل ابرار حسین شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ شہید پولیس کانسٹیبل ابرار حسین کا تعلق صوابی سے تھا، شہید پولیس کانسٹیبل ابرار حسین نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسرا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا، جہاں ہونے والی کارروائی میں فتنہ الخوارج کا دہشت گرد خارجی صفت اللہ عرف ملا منصور مارا گیا جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تین خارجی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خارجی دہشت گرد صفت اللہ 12 دسمبر 2023 کو ہونے والے خودکش حملے سمیت دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھا، خارجی دہشت گرد صفت اللہ عرف ملا منصور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تیسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی جس میں فتنہ الخوارج کا 1 دہشت گرد جہنم واصل کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔

متعلقہ خبریں