اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک سے برآمد کیے جانے والے قیمتی پتھروں کے ریکارڈ نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان سے بڑے پیمانے پر قیمتی پتھر برآمد کیے جاتے ہیں مگر ان کا ریکارڈ میں کوئی ذکر نہیں ہے۔
قائمہ کمیٹی کے رکن گل اصغر خان نے کہا کہ پاکستان سے امریکہ کو 10 کروڑ ڈالر کے قیمتی پتھر برآمد ہوتے ہیں، لیکن پاکستان میں قیمتی پتھروں کی برآمد کا ڈیٹا صرف 10 لاکھ ڈالر کا ہے۔
قائمہ کمیٹی کے رکن عاطف خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نکلنے والے قیمتی پتھر نیفرائٹ کا ٹرک 65 سے 70 کروڑ میں بکتا ہے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے پاس اگر تیل ہے تو پاکستان کے پاس جیمز اینڈ منرلز ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے رکن گل اصغر خان نے مزید کہا کہ پاکستان قیمتی پتھروں کی درآمد سے بڑے پیمانے پر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔
