Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مختلف کمپنیز کام ختم کر کے پاکستان سے جا رہی ہیں، علی پرویز ملک

وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ مختلف کمپنیز کام ختم کر کے پاکستان سے جا رہی ہیں۔

بول نیوز کے پروگرام ’تجزیہ‘ میں سینئر اینکر پرسن ارباب جہانگیر کے ساتھ گفتگو میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ مختلف کمپنیز کام ختم کر کے پاکستان سے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند سیاسی جماعتوں نے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ملٹی نیشنل کمپنیز کے باہر جانے کی وجہ سے سیاسی عدم استحکام ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا پی ٹی آئی دورحکومت میں آئی ایم ایف کےساتھ تعلقات خراب ہوئے، پاکستان کی تاریخ رہی ہے ہم نے اصلاحات نہیں کیں، اندرونی خساروں کو لگام ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے ذریعے اخراجات کو کم کیا جا رہا ہے، جو کمپنیز جا رہی ہیں ہمیں اس کا افسوس ہے، غیر ملکی کمپنیز واپس پاکستان میں کاروبار کریں گی۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے، عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، چند ہفتوں میں اچھی خبر آجائے گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ امداد نہیں لینی، 500 یونٹ تک بجلی صارفین کو ریلیف صوبائی حکومتوں نے دیا، وزیراعظم نے 200 یونٹ تک بجلی صارفین کو ریلیف دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو این ایف سی کے تحت ایک جیسے وسائل ملتے ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومتوں کو بھی کام کرنا چاہیے، صوبائی حکومتیں قرضے لیے بغیر سود بھی ادا نہیں کر سکتیں۔

وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی پر کافی حد تک قابو پا چکی ہے، صوبوں کو اپنے وسائل سے پریشانیوں کا ازالہ کرنا ہو گا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version