روس کے مشرقی علاقے کمچٹکا جزیرہ نما میں ایک ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا ہے جس میں 22 افراد سوار تھے جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ آج مقامی وقت کے مطابق 16 بجکر 15 منٹ پر ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
کمچٹکا کے گورنر ولادیمیر سولوڈوف نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ طیارے میں 22 افراد، 19 مسافر اور عملے کے تین ارکان سوار تھے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹروں میں سوار امدادی ٹیمیں رات بھر لاپتہ طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں اور ان کی توجہ دریا کی وادی پر مرکوز ہے جہاں ہیلی کاپٹر کو پرواز کرنی تھی۔
ایم آئی -8 ایک سوویت ڈیزائن کردہ فوجی ہیلی کاپٹر ہے جو روس میں نقل و حمل کے لئے بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔
لاپتہ ہیلی کاپٹر نے جزیرہ نما کے ایک خوبصورت علاقے میں واقع واچکازیٹس کے قدیم آتش فشاں کے قریب مسافروں کو اٹھایا تھا جو اس کے جنگلی مناظر اور فعال آتش فشاں کے لیے جانا جاتا ہے۔
ایمرجنسی سروسز کے ایک ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر اڑان بھرنے کے فورا بعد ریڈار سے غائب ہوگیا اور عملے نے کسی قسم کی پریشانی کی اطلاع نہیں دی۔
مقامی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کے علاقے میں حد نگاہ کم تھی۔
روس کے مشرقی علاقے میں طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے حادثات اکثر ہوتے رہتے ہیں، جہاں آبادی بہت کم ہے اور جہاں اکثر سخت موسم ہوتا ہے۔
اگست 2021 میں ایک ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر کمچٹکا میں ایک جھیل میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 13 سیاحوں سمیت 16 افراد سوار تھے۔
اسی سال جولائی میں ایک طیارہ جزیرہ نما پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 22 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے۔




















