میئرکراچی کا کہنا ہے کہ کراچی میں پانی کی قلت کودور کرنے کیلئے حب سے مزید لائن ڈالی جارہی ہے۔
میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں ماڑی پورپرڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ ٹی پی تھری میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میئرکراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ تھری میں 280 ایم جی ڈی پانی کو صاف کر رہے ہیں۔ ٹریٹمنٹ پلانٹ ون میں 100 ایم جی ڈی پانی صاف کیا جاتا ہے۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو حب سے 655 ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جا رہا ہے۔ کراچی میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے حب سے مزید لائن ڈالی جا رہی ہے۔
میئرکراچی نے بتایا کہ کراچی کے ضلع غربی میں پانی کی قلت ہے جسے دور کیا جائے گا۔ پانی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے۔ کراچی میں پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پانی کی لائنوں میں رسائی اور چوری سے 40 فیصد پانی ضائع ہو رہا ہے۔ پانی کی چوری روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کا وژن پانی کی قلت کو دور کرنا ہے۔
