Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شٹر ڈاؤن ہڑتال کے بعد اب پہیہ جام ہڑتال کریں گے، حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شٹرڈاؤن ہڑتال کے بعد اب پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔ لانگ مارچ کی طرف بھی جاسکتے ہیں۔ وزیراعظم آئیں نہ آئیں ہمیں مسئلہ نہیں ہے، لیکن بجلی کی قیمت کم کردیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی پاکستان کے ساتھ بہت بڑی زیادتیاں ہو رہی ہیں، کراچی میں آ کرلگتا ہے اس کو کوئی اون کرنے کوتیارنہیں، بدقسمتی سے کراچی کی ترقی کے لیے کوئی نہیں سوچتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ سیاسی اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل کیے گئے۔ فیصلہ ہوا کہ وہ ادارے جو صوبائی حکومت نے اپنے پاس رکھے ہیں وہ بھی بلدیاتی حکومت کو دینے ہیں۔ لیکن یہ چیزیں بھی صوبائی حکومت نے اپنے پاس رکھی ہیں اور نام نہاد جو حوالے کیے اس کا کنٹرول ان کے پاس ہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اختیارات یوسی کے پاس ہیں نہ ٹاؤن کے پاس ہیں اورمئیر شپ پرقبضہ ہے، اٹھارہویں ترمیم کے بعد ٹیکس کے پیسے وفاق سے صوبوں کو منتقل کرنے ہیں۔ وفاق میں جا رہا ہو یا صوبے میں کراچی سب سے زیادہ ریوینیو دیتا ہے۔ ایک مائنڈ سیٹ ہے کہ اس شہر سے لینا ہے لیکن اس شہر کو دینا کچھ نہیں۔ بلدیاتی حکومت کو با اختیار کرنے کا کوئی نہیں سوچتا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوئے کورٹ کے ذریعے ہوئے۔ کراچی میں بھی تین دفعہ معطل کیے گئے۔ یہ وفاق سے پیسہ لینا چاہتے ہیں لیکن بلدیاتی حکومت کو نہیں دینا چاہتے۔ کے فورمنصوبے پر کئی جماعتوں نے کہا کہ ہم بنائیں گے۔ دو سو ارب کے منصوبے کے لئے سالانہ 12 13 ارب روپے رکھے جاتے ہیں۔ پانی کا بحران ہے، لائنیں خراب ہیں کے فور منصوبہ دور دور تک نظر نہیں آرہا۔

انھوں نے کہا کہ حب ڈیم اوور فلو ہورہا ہے لیکن پانی نہیں مل رہا۔ آبادیاں پانی سے محروم ہیں اور اس کی ذمے دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہے۔  یہ رجیم چینج کے لیے تو جا کر بیٹھ جاتے ہیں۔ ایک آدھ دفعہ کے الیکٹرک کے باہر بیٹھتے ہیں اور پیسہ لے کر اٹھ جاتے ہیں۔ یونیورسٹی روڈ بنانے کے لئے پوری تحریک جماعت اسلامی نے چلائی تھی۔ اب ریڈ لائن کے لئے توڑ دی اور دیر کی وجہ سے بجٹ بڑھتا جارہا ہے۔ یہ بھی کراچی کی عوام پوری کرے گی۔

امیر جماع اسلامی نے کہا کہ یہ تو کشکول لے لے کر گھومتے ہیں اور پاکستان کو بھکاری بنا کر پیش کرتے ہیں۔ 77 سال جو ہم پر مسلط رہا ہے وہ تسلیم تو کریں کہ انھوں نے بیڑا غرق کیا ہے۔ چین سے بھی بات ہوسکتی ہے لیکن یہ صحیح تو ہوں۔ حق دو کراچی تحریک جاری رہے گی۔  وزیر اعظم نے کل کہا کہ وہ آئیں گے اور بات کریں گے۔ آپ آئیں نہ آئیں ہمیں مسئلہ نہیں ہے، لیکن بجلی کی قیمت کم کردیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شٹر ڈاون ہڑتال کے بعد اب پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔ لانگ مارچ کی طرف بھی جاسکتے ہیں۔ ممبر شپ چل رہی ہے جماعت اسلامی جارہی ہے سب کے پاس۔ ہر جماعت کے پاس اقربا پروری اور کرپشن لگا ہوا ہے جماعت اسلامی اس سب سے پاک ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم بنا کسی اختیار کے بہت سے پراجیکٹ چلا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں۔ ممبربنیں، جماعت اسلامی مضبوط ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ پبلک پول میں یہ بات واضح ہورہی ہے کہ جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل کو ایڈریس کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version