بانی پی ٹی آئی کے خلاف چانسلر کا انتخاب لڑنے سے روکنے کے لیے نئی پٹیشن جمع کرا دی گئی ہے جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
پٹیشن مسلم لیگ ن کے چیئرمین یوتھ کو آر ڈی نیٹرخرم بٹ نے جمع کرائی، پٹیشن وائس چانسلر کے دفتر میں نئی دستاویزات کے ساتھ جمع کرائی گئی۔
پٹیشن میں خرم بٹ نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کوچانسلرکاانتخاب لڑنےکی اجازت ہی نہ دی جائے، بانی پی ٹی آئی انتخاب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
خرم بٹ نے یونیورسٹی کے مختلف کالجز میں بانی کے خلاف پمفلٹ بھی تقسیم کیے، کیبل، بیلیل، لیڈی مارگریٹ ہال، ٹرینیٹی اور مارٹن کالجز میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔
خرم بٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف پاکستان میں مقدمات ودیگر ایشوز سے آگاہ کیا، اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے الیکشن کی دوڑ سے باہر نکالنا ضروری ہے۔
خرم بٹ نے طلبا کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کے بارے میں مطلع کیا۔
خرم بٹ کا کہنا تھا کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی یونیورسٹی کو 190 ملین پاؤنڈز کیس سے آگاہ کر دیا، بانی پی ٹی آئی متنازع شخصیت ہیں ان پر مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مبینہ طور پر ملکی دولت کو لوٹا، بانی پی ٹی آئی کے خلاف متعدد کیسز اس وقت زیر سماعت ہیں، بانی کے یونیورسٹی انتخابات میں حصہ لینے سے پاکستان کی بدنامی ہے۔
خرم بٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی بیانات دیئے، بانی پی ٹی آئی کو طالبان کا حمایت یافتہ لیڈر سمجھا جاتا ہے، ان کے دور اقتدار میں طالبان کے اہم دہشت گردوں کو رہا کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی طالبان سے محبت کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی منفی سوچ کی وجہ سے 9 مئی جیسا سانحہ پیش آیا، 9 مئی کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہوا، بانی پی ٹی آئی کا مقصد صرف اقتدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے ان کا کوئی تعلق نہیں، انکے حمایتی آج بھی پاکستان توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں۔
چیئرمین یوتھ کوآرڈی نیٹرخرم بٹ کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے مذموم مقاصد کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔
