مریم اورنگزیب کا کہنا ہے اسموگ کا مسئلہ بھارت سے بات چیت کیے بغیرحل نہیں ہوسکتا، کلائمنٹ ڈپلومیسی پرشیطانی دماغوں نے سازش کی کوشش کی۔ لاہورکے نجی اورسرکاری اسکول ایک ہفتے کے لیے بند رکھے جائیں گے۔
سینئروزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہورکا ایئرکوالٹی انڈیکس ایک ہزارسے تجاوز کر دیا، بھارت سے اسموگ آئی اورایک دم پھیل گئی، بھارت کی جانب سے ہوائیں چلنے سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روز سے اسموگ کے باعث لاہورمیں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اسموگ کے تدراک کے لیے پنجاب حکومت نے اقدامات کیے ہیں، اسموگ سے بچاؤ کے لیے حکومتی پلان پرسختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ پلاسٹک بیگز پرپابندی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
سینئرصوبائی وزیرنے کہا کہ لاہور کے بارڈر ایریازمیں ایئرکوالٹی انڈیکس 1900 تک گیا۔ پہلے اسموگ کا مسئلہ صرف اکتوبرمیں ہوتا تھا۔ بھارت سے آنے والی ہوا رکی تو ایئرکوالٹی انڈیکس نیچے آگیا۔ آج اسلام آباد بھی اسموگ کی لپیٹ میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے اسموگ میں اضافہ ہوا۔ لاہور کا موجودہ ایئرکوالٹی انڈیکس 500 تک آ گیا ہے۔ پنجاب میں انروائرمینٹل کنٹرول سسٹم لگا دیے گئے ہیں۔ مریم نوازنے اسموگ تدراک کے لیے اداروں کو ہدایات جاری کیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسانوں سے درخواست ہے کہ کھیتوں میں فصلوں کی باقیات کو نہ جلائیں۔ اس وقت بھی مضر صحت ایئرکوالٹی انڈیکس ہے، شہری گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اورحفاظتی اقدامات کے طور پرماسک کا استعمال کریں۔ ایک ہفتے کے لیے لاہورکے نجی اورسرکاری اسکول بند کررہے ہیں۔
سینئروزیرپنجاب نے کہا کہ سپرسیڈرہی مونجی کو نہ جلانے کا متبادل ہے۔ سپرسیڈر پر60 فیصل لاگت آئی۔ 5500 بھٹوں کو مسمار کیا گیا۔ کھیتوں میں آگ لگانے والے کسانوں کو بھی گرفتارکیا گیا، ایف آئی آر بھی کٹیں۔ اسموگ لوکل فیکٹریوں کے دھوئیں کے ساتھ مل کراور زیادہ خطرناک ہوجاتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسموگ کورونا کی طرح ہے جو سرحدوں سے آ رہی ہے، کوویڈ ایئرپورٹ سے آتا تھا، اسموگ بھی کوویڈ کی شکل ہے۔ اسموگ سے بچنے کے لیے ہمیں اپنے رویوں کو بدلنا ہوگا۔ بھارت سے بات کیے بغیریہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کلائمنٹ ڈپلومیسی پرشیطانی دماغوں نے سازش کی کوشش کی۔
