لاہورشہرمیں فضائی آلودگی برقرار، شہری مختلف بیماریوں سے متاثر ہونے لگے، فضائی آلودگی کے باعث انفلوئنزا، وائرل انفیکشن و دیگرسے شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
اسپتالوں میں خشک کھانسی، سانس میں دشواری کے مریضوں میں اضافہ جاری ہے۔ بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور خشک کھانسی میں اضافہ جاری ہے۔
فضائی آلودگی کے باعث آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں بھی اضافہ ہونے لگا۔ عارضہ قلب اور دمہ کے مریض بھی شدید متاثر ہونے لگے۔
گذشتہ ایک ہفتہ میں شہرکے 5 بڑے سرکاری اسپتالوں میں اب تک اسموگ سے متاثرہ 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ میو اسپتال میں گزشتہ ایک ہفتہ میں 9ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
جناح اسپتال میں 7 ہزارجبکہ گنگا رام اسپتال 6 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ سروسزاسپتال اور جنرل اسپتال میں بھی پانچ پانچ ہزار مریض رپورٹ ہوئے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے اس وقت اسپتالوں میں فضائی آلودگی، انفلوئنزا، اور وائرل انفیکشن پھیلا ہے، بچے اور بزرگ بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں، سانس میں دشواری کے مریضوں گھروں سے باہر نہ جائیں، پھیپھڑوں اور دمہ کی مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت والے اچھی خوراک، افراد ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔
