وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کانسٹیبل مبشر کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ احتجاج کے نام پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں اور ان پر تشدد کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔
وزیرِ اعظم نے کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اس واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیرِ اعظم نے احتجاج کے دوران پتھراؤ اور تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت ہے، کیونکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی جان کی بازی لگا کر ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے ملک گیر فسادات کے بعد ایک مرتبہ پھر سے شرپسند عناصر تشدد کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ 46 سالہ شہید کانسٹیبل مبشر کے کم سن بچوں کی دنیا شرپسند عناصر کے ہاتھوں اجڑ گئی، اور جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، تو شرپسند عناصر ملک بھر میں جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کانسٹیبل مبشر کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وہ ایک ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے کا عمل ہر صورت قابل مذمت ہے۔
