Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کی بزنس کمیونٹی کا بڑا فیصلہ، نئی ایئرلائن ’ایئر کراچی‘ کا اعلان کر دیا

کراچی کی بزنس کمیونٹی نے ایک بڑی پیشرفت کرتے ہوئے نئی ایئر لائن “ایئر کراچی” کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

بزنس کمیونٹی نے نئی ایئرلائن کے لائسنس کے لیے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو درخواست ارسال کر دی ہے۔

ائیر کراچی کے بانی اور معروف بزنس مین حنیف گوہر نے اپنے ویڈیو بیان میں اس منصوبے کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ائیر لائن کے پہلے مرحلے میں تین طیارے لیز پر حاصل کئے جائیں گے تاکہ پروازوں کا آغاز کیا جا سکے۔

حنیف گوہر نے مزید کہا کہ ائیر کراچی کے لائسنس کی منظوری کے امکانات بہت زیادہ ہیں اور یہ چند دنوں میں حاصل ہو سکتا ہے۔

ائیر کراچی کے انتظامی معاملات کی نگرانی کے لیے سدرن کمانڈر ائیر وائس مارشل عمران کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔

ان کی قیادت میں ائیر لائن کی پروازوں کے آغاز اور اس کی ترقی کی جانب اہم قدم اٹھایا جائے گا۔ائیر کراچی کی بنیاد 5 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے رکھی جا رہی ہے۔

اس منصوبے میں کئی معروف بزنس شخصیات حصہ دار ہیں، جن میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، بشیر جان محمد، خالد تواب، زبیر طفیل اور حمزہ تابانی شامل ہیں۔ حنیف گوہر نے بتایا کہ ائیر کراچی کے ہر شیئر ہولڈر کا حصہ 5 کروڑ روپے ہے۔

حنیف گوہر نے اس نئی ائیر لائن کو پاکستانی فضائی صنعت کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔ ان کے مطابق ائیر کراچی نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان میں فضائی سفر کے معیار کو بلند کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

حنیف گوہر نے مزید کہا کہ ائیر کراچی کی آمد سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں فضائی سفر کے امکانات میں اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے کی کامیابی سے ملکی معیشت کو بھی فروغ ملے گا اور لاکھوں افراد کے لیے نئی ملازمتوں کے دروازے کھلیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version