Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا شہر اقتدار کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان

وفاقی حکومت کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل سیکیورٹی فورس کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کو بلوائیوں سے بچانے اور امن و امان کی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی حکومت نے شہر اقتدار میں امن کی فراہمی کے لیے اسپیشل سیکیورٹی فورس کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جو اسلام آباد کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، نئی سیکیورٹی فورس اسلام آباد پولیس کے تحت کام کرے گی اور اس کا مقصد دارالحکومت میں سیکیورٹی کے امور کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے لاء اینڈ آرڈر ڈویژن کی تشکیل کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ سیکیورٹی کی صورتحال میں فوری بہتری لائی جا سکے۔

اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو خاص طور پر غیر ملکیوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گا۔ ذرائع کے مطابق، ایس پی یو میں اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی خدمات لی جائیں گی تاکہ فورس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جا سکے۔

مزید برآں، اسلام آباد پولیس میں نئی بھرتیوں کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ فورس کی کارکردگی اور مؤثریت کو بہتر بنایا جا سکے۔

یہ اقدامات اسلام آباد میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version