وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں پاکستان کی ہوابازی کے شعبے کے لیے خوشخبری کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی ختم کر دی ہے۔ اس کے علاوہ نجی ایئرلائن کو بھی تھرڈ کنٹری آپریٹر کی اجازت مل گئی ہے۔

خواجہ آصف نے اس کامیابی کو وزارتِ ہوابازی کی مکمل توجہ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت ہوابازی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں اور بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کے معیار کے مطابق حفاظتی نگرانی کو یقینی بنایا ہے۔
فضائی ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستانی ایئر لائنز کے لیے بین الاقوامی پروازوں کی بڑھتی ہوئی گنجائش اور صنعت کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔