ایس آئی ایف سی (سٹرٹیجک اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 11واں اجلاس وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، وفاقی سیکریٹریز، صوبائی چیف سیکریٹریز اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اہم منصوبوں اور شعبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پالیسی سطح پر متعلقہ معاملات کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
کمیٹی نے عالمی کنسلٹنٹس کی مدد سے وزارتوں اور محکموں کو فراہم کی جانے والی مشاورتی معاونت کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ دوست ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مزید منصوبے پیش کیے جائیں۔
اجلاس میں تمام متعلقہ وزارتوں کو پیش رفت تیز کرنے کے لیے احکامات جاری کیے گئے، اور مختلف شعبوں کے امور پر اتفاقِ رائے قائم کرنے کے ساتھ ساتھ نئی حکمت عملی مرتب کی گئی۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے ذریعے حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ مختلف حکومتی ادارے اور محکمے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ملک میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
