مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ماردو، جلادو، غنڈاگردی اورسول نافرمانی کی کالزسےعوام کاپیٹ نہیں بھرتا۔ ملک جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
پنجاب کی سینیئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زرمیں مزید 31 فیصد اضافےکا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کرسول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں، ماردو، جلا دو، گالی گلوچ، غنڈا گردی ، جھوٹ فراڈ سول نافرمانی کی کالزسے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔
سینئرصوبائی وزیر پنجاب نے کہا کہ نومئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی، سنبھلتی ہوئی معیشت عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو چارسال میں تباہ و برباد کرکے گئے تھے۔ نومئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چوراورملک کو جلانے والے بہروپیے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اوورسیزپاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائفرکا فراڈ ہربات پہ جھوٹ، اب کوئی ماننے والا نہیں۔ “امریکہ نے میری حکومت گرائی” سے “امریکہ مجھے بچالو” ! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔
انھوں نے مذید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپورکردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔ آٹھ ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کرکے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے۔
