بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پُراسرار بیماری پھیلنے سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بلدھانا کے تین دیہاتوں بورگاؤں، کلود اور ہنگنا میں ایک پراسرار بیماری پھوٹ پڑی ہے، جس کے باعث متاثرہ افراد کے بال تیزی سے گرنے لگتے ہیں اور ایک ہفتے کے اندر وہ مکمل گنجے ہو رہے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اب تک اس بیماری کے 50 سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں، جبکہ کئی دیگر شہری بھی غیرمعمولی طور پر بالوں کے گرنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ اس پراسرار صورتحال کے باعث مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے اس بیماری کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور متاثرہ افراد کے خون، جلد اور بالوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ابتدائی طور پر ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بیماری پانی کی آلودگی یا کسی نامعلوم الرجی کی وجہ سے ہو سکتی ہے، تاہم حتمی وجوہات کا تعین لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج کے بعد ہی ممکن ہوگا۔




















