ملتان سلطانز کے بیٹنگ کوچ جولین ووڈ نے پے در پے تین شکستوں پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلا میچ ہارنے کے بعد پھر اُبھر کر سامنے نہیں آسکے، شائقین کرکٹ سے معذرت خواہ ہوں، ہم اچھے نتائج نہیں دے سکے۔
ملتان اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جولین ووڈ نے کہا کہ آپ میچ ہارنے کے بعد تبدیلیاں کرنا شروع کردیتے ہیں، کوئی بھی ٹیم مسلسل اچھا نہیں کرسکتی۔
انھوں نے کہا کہ ہماری 4 سے 5 وکٹیں جلدی گرگئیں جس کی وجہ سے مومینٹم حاصل نہیں کرسکے، اچھے نتائج نہ دے سکنے پر شائقین کرکٹ سے معذرت خواہ ہوں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز نے صرف ایک میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف 33 رنز سے کامیابی حاصل کی اور اس کے علاوہ اسے تمام میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
ایونٹ میں ملتان سلطانز اپنا آخری میچ 11 مئی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔
