بھارت کی حالیہ جارحیت کے بعد پاکستان نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی میں “آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” (آہنی دیوار) کے ذریعے دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچا دیا ہے۔
دشمن پر کاری وار ابھی جاری ہیں اسی تناظر میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ایک اہم اجلاس کے بعد فیصلہ کن مؤقف اختیار کرتے ہوئے بھارت کو سخت اور دوٹوک پیغام دے دیا ہے۔
اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے فوری اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی دفاعی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بھارتی حملے کی صورت میں ہائی ویلیو عسکری اہداف کے ساتھ ساتھ بھارت کے معاشی انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
قیادت نے متفقہ طور پر کہا کہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور بھارت کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
اگر بھارت نے دوبارہ کوئی غیر دانشمندانہ حرکت کی، تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ پاکستان ہر سطح پر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ جوابی کارروائی مربوط، فیصلہ کن اور قومی مفادات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی۔
