Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان نے استقبال کیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے اپنے 4 روزہ دورے کے سلسلے میں سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، امریکی صدر خطے کی سیکیورٹی اور معاشی حوالے سے مذاکرات کریں گے۔

ریاض پہنچنے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا اور ملاقات بھی کی، اس موقع پر امریکی صدر کو روایتی قہوہ بھی پیش کیا گیا۔

ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد یہ پہلا بڑا غیر ملکی دورہ ہے، جس کا زیادہ تر محور تیل سے مالا مال خطے سے تجارتی معاہدے اور نئی سرمایہ کاری کی کوششیں ہوں گی۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ منگل کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے، صدر ٹرمپ اس دورے میں قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر کو سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا سامنا ہے، جن کا اظہار موجودہ اور سابق امریکی فوجی، دفاعی اور خفیہ سروس اہلکاروں نے کیا ہے۔

یہ خدشات قطر کی جانب سے امریکا کو ایک پرتعیش طیارہ بطور تحفہ دینے کی پیشکش پر اٹھائے جا رہے ہیں، جو مبینہ طور پر صدر ٹرمپ کے استعمال کے لیے ہوگا۔

امریکی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان بات چیت متوقع ہے جس میں ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کی امریکی کوششیں، غزہ کی جنگ کا خاتمہ، تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا، اور دیگر اہم معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔

متعلقہ خبریں