Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاح بھاگنے لگے، فلائٹس منسوخ، خطرناک پیشگوئی نے جاپان میں ہلچل مچا دی

جاپان کی مانگا آرٹسٹ ریو تاتسوکی کی ایک حالیہ پیشگوئی نے سوشل میڈیا اور سیاحتی حلقوں میں غیر معمولی ردِعمل کو جنم دیا ہے۔

اپنی نئی کتاب “The Future I Saw” میں تاتسوکی نے جولائی 2025 کے دوران جاپان اور فلپائن کے درمیان سمندر میں ایک شدید زلزلے اور ممکنہ سونامی کی پیشگوئی کی ہے، جسے بعض حلقوں نے 2011 کے تباہ کن توہوکو زلزلے سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔

ریو تاتسوکی کو ان کی سابقہ پیشگوئیوں، جن میں 2011 کا زلزلہ اور مشہور گلوکار فریڈی مرکری کی وفات شامل ہیں، کے باعث بعض افراد نے جاپان کی ’ بابا وانگا ‘ کا لقب دیا ہے۔ تاہم ان کی موجودہ پیشگوئی نے عالمی سطح پر بحث چھیڑ دی ہے۔

چینی سفارتخانے کی جانب سے اپریل 2025 میں جاری کردہ ایک عمومی انتباہ، جس میں جاپان میں قدرتی آفات کے امکان سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی تھی، نے بھی خدشات میں اضافہ کیا۔

اس کے بعد ہانگ کانگ کی معروف ٹریول ایجنسی WWPKG کے مطابق، جاپان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

سیاحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق، افواہوں اور غیر مصدقہ پیشگوئیوں کا یہ رجحان سیاحت پر نفسیاتی اثر ڈال رہا ہے، جو پہلے ہی عالمی معیشت کے دیگر چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔

جاپانی حکومت اور متعلقہ ماہرینِ ارضیات نے اس پیشگوئی کو سائنسی بنیادوں پر مسترد کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ صرف مصدقہ اور مستند ذرائع پر انحصار کریں۔

جاپان کی میٹروولوجیکل ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے جیسے قدرتی عوامل کی درست پیشگوئی فی الحال سائنسی طور پر ممکن نہیں۔ ہمارے پاس مسلسل نگرانی اور وارننگ سسٹمز موجود ہیں جو حقیقی خطرات کی صورت میں فوری الرٹ جاری کرتے ہیں۔”

متعلقہ خبریں