Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کے اپنے ادارے اربوں روپوں کے ڈیفالٹر نکلے، سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی متعدد ادارے اربوں روپوں کی گیس بل کی عدم ادائیگی کے نادہندہ نکلے، اس حوالے سے ان اداروں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے ان واجبات کی عدم ادائیگی پر وفاقی اور صوبائی سرکاری اداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

کمپنی نے مجموعی طور پر 3.71 ارب روپے سے زائد کی رقم کی وصولی کے لیے نادہندہ اداروں کو باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق، اپریل 2025 میں ان اداروں کو حتمی نوٹسز بھی بھیجے جا چکے ہیں، جن میں فوری ادائیگی کی ہدایت کی گئی تھی۔

اب ایک بار پھر متعلقہ اداروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر واجبات ادا کریں، بصورت دیگر گیس کی فراہمی معطل کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: ایوان صدرسمیت متعدد سرکاری ادارے نادہندہ سوئی ناردرن گیس کے نادہندگان میں شامل

ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق اسپتال بھی نادہندگان کی فہرست میں شامل ہیں اور متعدد سرکاری اسپتالوں کے ذمے 1.41 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں، ان میں وفاقی اسپتالوں پر 183.62 ملین، خیبر پختونخوا کے اسپتالوں پر 106.08 ملین اور پنجاب کے اسپتالوں پر 1.12 ارب روپے واجب الادا ہیں۔

نادہندگی کی اس دوڑ میں پولیس محکمے بھی پیچھے نہیں ہیں اور مجموعی طور پر یہ محکمہ بھی سوئی ناردرن گیس کا 499.7 ملین کا مقروض ہے۔

سوئی ناردرن سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس پر 141.5 ملین، خیبر پختونخوا پولیس پر 63.13 ملین، اور پنجاب پولیس پر 295.04 ملین روپے واجب الادا ہیں۔

جبکہ جیل خانہ جات، سی ڈی اے اور پی ڈبلیو ڈی بھی نادہندگان کی اس فہرست میں شامل ہیں، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی جیلوں پر 607.5 ملین روپے کے بقایا جات ہیں۔

مزید پڑھیں: سوئی ناردرن کی سال میں تیسری بار گیس کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) پر 251.2 ملین روپے اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) پر 141.6 ملین روپے کے واجبات واجب الادا ہیں۔

ترجمان ناردرن گیس کے مطابق تعلیمی ادارے بھی واجبات کی فہرست میں شامل ہیں اور ان مجموعی طور پر 115.28 ملین روپے کے واجبات باقی ہیں۔

وفاقی تعلیمی ادارے 65.58 ملین، خیبرپختونخوا کے تعلیمی ادارے 17.14 ملین اور پنجاب کے تعلیمی ادارے 32.55 ملین روپے کے مقروض ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دیگر وفاقی، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اداروں پر بھی 685.8 ملین روپے کے بقایاجات واجب الادا ہیں۔

ترجمان کے مطابق، واجبات کی مسلسل عدم ادائیگی نہ صرف کمپنی کی مالی پوزیشن کو متاثر کر رہی ہے بلکہ دیگر صارفین کی خدمات میں بھی خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

سوئی ناردرن نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے، جن میں گیس کنکشن کی منسوخی یا قانونی کارروائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version