غزہ سٹی کے شمالی علاقے میں واقع ال اہلی بیپٹسٹ اسپتال پر اسرائیلی ڈرون حملےکے نتیجے میں 2 صحافیوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ سٹی اسپتال پر حملے میں کم از کم تین افراد شہید ہوئے ہیں، جن میں دو معروف صحافی اسماعیل بدہ اور سلیمان حجہ بھی شامل ہیں۔
دونوں صحافی فلسطین ٹوڈے چینل کے لیے کام کرتے تھے اور اسپتال کے اندر ہی شہید ہو گئے۔ جبکہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ سے زخمیوں کو مصر لے جانے والی ایمبولینسز پر اسرائیلی حملہ، متعدد فلسطینی شہید
قبل ازیں، چند گھنٹوں قبل غزہ سٹی کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں بھی تین افراد شہید ہو ئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حملے کا نشانہ “زیتون” محلے میں واقع ایک گھر تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی قرار دار ویٹو کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں، جس سے فلسطینی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ میں امدادی خوراک فراہم کرنے والے ادارے غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن نے امدادی سرگرمیاں روک دی ہیں، جس سے قحط کا شکار فلسطینیوں کی زندگی مزید اجیرن ہوگئی ہے۔




















