کھپرو کے چار نوجوانوں کی زندگی کی سب سے بڑی تفریح موت کی صورت میں بدل گئی جب وہ چوٹیاریوں ڈیم میں ڈوب کر جان بحق ہوگئے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نوجوان تفریح کے لیے کھپرو سے چوٹیاریوں ڈیم آئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، نوجوانوں نے ڈیم میں نہانے کا ارادہ کیا تھا، لیکن پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ تیرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور ڈوب گئے۔
مقامی غوطہ خوروں کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام چاروں کی لاشوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
جان بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت کھپرو کے رہائشی احتشام الحق جٹ، امان اللہ، محمد عمر اور شاہ بیگ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ تمام نوجوان حافظ قرآن تھے اور ایک دوسرے کے قریبی دوست تھے۔
حادثہ کے بعد علاقے میں غم کی فضا چھا گئی ہے اور عوامی حلقوں میں نوجوانوں کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق، چوٹیاریوں ڈیم کے پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ یہ نوجوان اس میں تیرنے کی کوشش کے باوجود بچ نہ سکے۔
