Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران پر حملے میں استعمال کیے گئے امریکا کے ’GBU 57‘ بنکر بسٹر بم اور B-2 بمبار طیارے کی خصوصیات

امریکا نے رات گئے ایران کی تین جوہری تنصیبات کو جدید ترین طیاروں اور بموں سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے، جس کے بعد امریکا کی فضائی قوت دنیا کا پسندیدہ موضوع بن گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایران کی زیر زمین جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے امریکا نے اپنے سب سے طاقتور بنکر بسٹر GBU-57 اے/بی میسیو آرڈیننس پینیٹریٹر (MOP) کا استعمال کیا ہے۔

بنکر بسٹر دنیا کا سب سے طاقتور غیر جوہری بنکر شکن بم ہے جو صرف امریکا کے پاس ہے اور اسے اسرائیل بھی حاصل نہیں کرسکا۔

مزید پڑھیں: امریکا کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ، جوہری مواد محفوظ، تابکاری کا خطرہ نہیں، ایران، نیتن کی ٹرمپ کو مبارکباد، ٹرمپ کی ایک بار پھر ایران کو وارننگ، عالمی رہنماؤں کی مذمت، ایران نے اسرائیل پر خیبر میزائل داغ دیئے

جی بی یو-57 اے/بی میسیو آرڈیننس پینیٹریٹر (ایم او پی) بم 30 ہزار پاؤنڈ  وزنی ہے جس میں 6000 پاؤنڈ دھماکہ خیز مواد ہوتا ہے۔

امریکی حکومت کے مطابق بنکر بسٹر ایک ایسا بم ہے جو زیر زمین گہرائی میں بنے مضبوط بنکرز  اور  سرنگوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت  رکھتا ہے۔

 یہ بم انتہائی محفوظ تنصیبات تک پہنچنے اور انہیں تباہ کرنے کےلیے ڈیزائن کیا گیا ہے، اس ہتھیار کی لمبائی 6 میٹر ہے جو زمین میں 200 فٹ کی گہرائی تک مار کرسکتا ہے، اس سے زیادہ گہرائی تک نقصان پہنچانے کے لیے ان بموں کو یکے بعد دیگرے گرایا جا سکتا ہے۔

B-2  بمبارطیارہ :

ایران کیخلاف استعمال ہونیوالا امریکا کا ’GBU 57‘ بنکر بسٹر بم اور B-2 بمبارطیارہ کیا ہے؟

اس کے علاوہ ایران پر حملے کے لیے استعمال ہونے والا  B-2 امریکی طیارہ امریکی فضائیہ کے سب سے جدید طیاروں میں سے ایک ہے۔

اسے تیار کرنے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ B-2 بمبار طیارہ 40 ہزار پاؤنڈ یعنی 18 ہزار کلو گرام کا پے لوڈ لے جاسکتا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ وہ اس طیارے میں بیک وقت دو ایم او پی لے جانے کا کامیاب تجربہ کر چکے ہیں جن کا مجموعی وزن 60 ہزار پاؤنڈ یعنی 27,200 کلو گرام ہوتا ہے۔

B-2 کو تیار کرنے والی کمپنی نارتھروپ گرومن کے مطابق یہ جنگی طیارہ ری فیول کیے بغیر 6000  میل  سفر طے کرسکتا ہے اور پرواز کے دوران ایک مرتبہ ری فیولنگ کے ساتھ 11 ہزار 500 میل یا 18 ہزار 500 کلومیٹر تک لگاتار پرواز کر سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی B-2 کے ایک طیارے کی قیمت 2.1 بلین ڈالر ہے۔

متعلقہ خبریں